اڈیالہ جیل کی وین سے فرار مزید تین قیدی گرفتار

چار ملزمان گزشتہ روز موقع پر پکڑے گئے تھے، روپوش ملزمان کی تعداد 7 رہ گئی
شائع 02 جولائ 2026 09:07am

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کی قیدیوں کی وین سے فرار ہونے والے مزید تین قیدیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق اڈیالہ جیل کی وین سے فرار ہونے والے مزید تین قیدیوں، عدیل، ضیغم اور احتشام کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ چکیاں کہوٹہ روڈ پر قیدیوں کو منتقل کرنے والی وین سے مجموعی طور پر 14 قیدی فرار ہوگئے تھے، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔

اس سے قبل پولیس چار مفرور قیدیوں کو گرفتار کر چکی تھی، جبکہ تازہ کارروائی کے بعد گرفتار ہونے والے قیدیوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق باقی س7 مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد گرفتار کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب قیدیوں کے وین سے فرار ہونے کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سہالہ میں درج کیا گیا ہے، جس میں غفلت اور لاپرواہی برتنے پر پانچ پولیس اہلکاروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔