عامر خان کی تیسری شادی، تقریب کب اور کہاں ہوگی؟

شادی سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئیں۔
شائع 03 جولائ 2026 12:06pm

بولی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنی قریبی دوست گوری اسپرٹ کے ساتھ 5 جولائی کو شادی کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کی تقریب نہایت سادہ انداز میں ان کے گھر پر منعقد ہوگی، جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور چند خاص دوست شریک ہوں گے۔

عامر خان نے یہ بات فلم ساز راجکمار ہیرانی کی نئی سیریز ”پریتم اینڈ پیڈرو“ کی اسکریننگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ان کے بیٹے جنید خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا، ”شادی 5 جولائی کو ہے۔ ہم تقریب اپنے گھر پر ہی کر رہے ہیں۔ یہ بہت چھوٹی اور سادہ شادی ہوگی۔ 5 تاریخ ہمارے لیے بہت خاص دن ہے۔ دونوں خاندانوں کے افراد اور چند قریبی دوست اس تقریب میں شامل ہوں گے۔“

انہوں نے مداحوں اور میڈیا سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا، ”ہمیں آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے کہ ہم ہمیشہ خوش رہیں۔ ہم بھی دعا کرتے ہیں کہ ہماری نئی زندگی کا سفر اچھا گزرے۔ یہ ایک گھریلو اور سادہ تقریب ہوگی۔“

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اداکار کی رہائش گاہ پر ہوگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں پہلے رجسٹرڈ میرج کریں گے، جس کے بعد شادی کی ایک چھوٹی سی تقریب ہو گی، جس میں صرف خاندان کے افراد اور چند قریبی دوست شرکت کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق اس شادی کے بعد کسی بڑی استقبالیہ تقریب یا شاندار ریسپشن کا منصوبہ نہیں بنایا گیا، جو اسے بولی ووڈ کی عام بڑی شادیوں سے مختلف بناتا ہے۔

اس شادی کی ایک خاص بات یہ بھی بتائی جا رہی ہے کہ عامر خان اور گوری اسپرٹ کی سابقہ شادیوں سے ہونے والے تمام چار بچے اس خوشی کے موقع پر شریک ہوں گے۔ ان میں عامر خان کی پہلی بیوی سے ان کے بیٹے جنید خان اور بیٹی ایرا خان، دوسری شادی سے بیٹے آزاد راؤ خان، جبکہ گوری اسپرٹ کے سابقہ رشتے سے ان کا بیٹا بھی شادی کی تقریبات کا حصہ ہوگا۔

واضح رہے کہ عامر خان اور گوری اسپرٹ نے گزشتہ سال عامر خان کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے تعلقات کو پہلی بار عوامی سطح پر ظاہر کیا تھا۔ اب دونوں نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کرنے کے لیے 5 جولائی کی تاریخ کا انتخاب کیا ہے، جبکہ مداح ان کی شادی سے متعلق مزید خبروں کا انتظار کر رہے ہیں۔