ٹک ٹاکر علی حیدرآبادی کی لائیو ویڈیو میں بیوی کو طلاق، تشدد کے الزامات پر قرآن اٹھا کر وضاحت

زینب علی کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
شائع 02 جولائ 2026 03:35pm

پاکستان کے مشہور ٹک ٹاکر علی حیدرآبادی اور ان کی اہلیہ زینب علی کے درمیان طلاق کا معاملہ سوشل میڈیا پر ایک بڑا تنازع بن گیا ہے۔

حال ہی میں ایک لائیو ویڈیو وائرل ہوئی جس میں علی حیدرآبادی کو اپنی بیوی کو طلاق دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ وہ اب اپنی اہلیہ کی شکل دوبارہ نہیں دیکھیں گے۔ اس دوران ان کی اہلیہ ان کی طرف بڑھیں اور ویڈیو اچانک بند ہو گئی۔

اس واقعے نے سوشل میڈیا صارفین کو شدید حیرت اور دکھ میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ مارچ 2023 میں ان دونوں کی شادی کی ویڈیوز انٹرنیٹ پر بہت وائرل ہوئی تھیں اور مداح اس جوڑی کو بہت پسند کرتے تھے۔

طلاق کے واقعے کے بعد زینب علی نے روتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے ہاتھ پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں ۔

ویڈیو میں انہوں نے اپنے شوہر پر گزشتہ تین سال سے شدید جسمانی و ذہنی تشدد کا الزام لگایا۔ زینب کا کہنا تھا کہ اس حالیہ جھگڑے میں علی حیدرآبادی نے ان کی انگلی توڑ دی ہے، انہوں نے اس معاملے پر پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مدد کی اپیل بھی کی۔

دوسری طرف، علی حیدرآبادی نے اپنے ہاتھ میں قرآن پاک پکڑ کر ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے مار پیٹ کے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ، میں نے ہاتھ میں قرآن پاک پکڑا ہوا ہے اور میں سچ کہہ رہا ہوں کہ میں نے اسے نہیں مارا اور نہ ہی انگلی توڑی ہے۔

انہوں نے صفائی پیش کی کہ وہ اپنی بیوی کی ہر خواہش پوری کرتے تھے لیکن سسرال والوں نے ویڈیو بننے سے پہلے ہی انہیں گھر سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا تھا اور انہوں نے اپنے دفاع اور بلیک میلنگ سے بچنے کے لیے یہ ویڈیو ریکارڈ کی تھی۔

علی حیدرآبادی کے اس بیان کے بعد زینب علی کی ایک اور غصیلی ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے شوہر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف وائرل ہونے کے لیے یہ سب کیا، جبکہ ان کے درمیان طلاق تو 27 فروری 2026 کو ہی ہو چکی تھی اور انہوں نے مجھے گھر پر باندی بنا کر رکھا ہوا تھا۔

زینب علی نے الزام لگایا کہ علی حیدرآبادی نے ہاتھ میں قرآن اٹھا کر جھوٹ کہا ہے اور ان کی ہمیشہ سے یہی پلاننگ ہوتی تھی کہ لڑکیاں پھنسا کر ویوز حاصل کرے اور نئی شادی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے روزانہ دوسری شادی کی دھمکیاں ملتی تھیں، حالانکہ انہیں ٹک ٹاکر بنانے میں میرا اہم کردار تھا لیکن کچھ بننے کے بعد انہوں نے میری زندگی تباہ کرنے کی سازش کی۔