وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں وہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کوئٹہ ایئرپورٹ پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا، وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران ایپکس کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو صوبے میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز اور سکیورٹی اقدامات پر جامع بریفنگ دی جائے گی، اجلاس میں بلوچستان کے امن و امان کی بہتری، دہشت گردی کے خاتمے اور سکیورٹی سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایپکس کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
















