بلوچستان: واشک میں فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 مزدور جاں بحق
بلوچستان کے ضلع واشک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور دکانوں پر فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جب کہ حکومت بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کے روز بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد نے دکانوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جاں بحق مزدوروں میں محمد بلال، محمد حسن، محمد قدیر، محسن اور بلال شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا، مسلح افراد نے دکانوں پر فائرنگ کی جہاں پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدور کام کر رہے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جب کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتولین کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔
بلوچستان حکومت کا واقعے کا نوٹس، تحقیقات کا حکم
دوسری جانب حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماشکیل میں فائرنگ سے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
شاہد رند کے مطابق معصوم اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور دہشت و خوف پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
صدر اور وزیراعظم کی مزدوروں کے قتل کی مذمت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واشک کے علاقے ماشکیل میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا کھلا ظلم ہے، ایسے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ایسے انسانیت سوز جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے لیے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔













