ملک بھر میں مون سون بارشوں کا زور برقرار، مزید بارشوں کی پیشگوئی
ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ نشیبی علاقے زیر آب آنے، سیلابی ریلوں، لینڈ سلائیڈنگ اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے بعد متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں جاری مون سون بارشوں نے جہاں گرمی کی شدت میں کمی کر دی ہے، وہیں متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ پنجاب کے شکرگڑھ، فاروق آباد، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، بھلوال، شرقپور شریف، فیروزوالا، اٹک، حسن ابدال، جہلم اور خانیوال میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ سڑکیں، بازار اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
خانیوال میں بارش کے دوران متعدد بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، جبکہ حسن ابدال میں تیز بارش کے باعث مختلف مقامات پر دیواریں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع دیامر اور گردونواح میں شدید بارش، بادل پھٹنے اور گلیشیئرز پگھلنے سے آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ متعدد رابطہ پل، شاہراہیں اور سڑکیں بہہ گئیں، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں مقامی افراد اور سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے۔ چلاس اور نواحی علاقوں میں پینے کے پانی کی مرکزی لائنیں، بجلی کے کھمبے اور دیگر بنیادی ڈھانچہ بھی متاثر ہوا، جس سے پانی اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
ادھر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق چترال، سوات، دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ، جبکہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں اچانک سیلاب آنے کا خطرہ موجود ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہے گا، تاہم بیشتر اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، جبکہ مہمند، کرم، بنوں اور جنوبی وزیرستان میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں سب سے زیادہ 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ باجوڑ میں 29 ملی میٹر، مالم جبہ میں 9 ملی میٹر اور کالام میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ڈی آئی خان میں پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ مالم جبہ میں کم سے کم درجہ حرارت 13 اور کالام میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان میں بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، قلات، شیرانی، کوہلو، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، خضدار اور آواران میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبے میں کوئٹہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36، قلات 32، زیارت 24، ژوب 34، سبی 44، تربت 46، نوکنڈی 42، چمن 38، گوادر 39 اور جیوانی 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے اور ہلکی بوندا باندی بھی متوقع ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔















