کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک سے چار افراد کی لاشیں برآمد
کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی تھی، تاہم بعد ازاں مقتولین کی شناخت زبیر احمد، خلیل الرحمان، صادق اور فرید کے نام سے کر لی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق چاروں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے، جبکہ مقتول فرید کو مانگی ڈیم واقعے کے دوران مبینہ طور پر اغواء کیا گیا تھا۔
پولیس اور متعلقہ اداروں نے لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کر دیا ہے، جہاں ضروری کارروائی کے ساتھ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد ہنہ اوڑک اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ مقتولین کے قتل کے محرکات، واقعے کے پسِ پردہ عوامل اور ملوث افراد سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں میں آج مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں، جس کے بعد آپریشن شعبان میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد 88 ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ کارروائیوں میں مزید 3 خارجی دہشت گرد ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 126 خارجی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
















