بھارتی ہاکی ٹیم کی جرسی کا رنگ تبدیل کرنے پر پریانکا گاندھی مودی پر برہم

سابق بھارتی کپتان ویرین راسکوئنہا نے بھی فیصلے کو "شرمناک" قرار دے دیا
شائع 31 جولائ 2026 09:37am

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے پہلے بھارتی ہاکی ٹیم کی جرسی کا رنگ تبدیل کیے جانے پر بھارت میں نیا سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پریانکا گاندھی نے نیلی جرسی کی جگہ نارنجی جرسی متعارف کرانے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ سابق بھارتی کپتان نے بھی اس فیصلے کو ٹیم کی شناخت کے خلاف قرار دیا۔

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 سے قبل بھارتی ہاکی ٹیم کی جرسی کے رنگ میں تبدیلی پر بھارت میں سیاسی اور کھیلوں کے حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔

کانگریس کی سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ پریانکا گاندھی نے بھارتی ہاکی ٹیم کی روایتی نیلی جرسی کی جگہ نارنجی جرسی متعارف کرانے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

پریانکا گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت چاہے جرسی کا رنگ تبدیل کرے یا نئی تعلیمی پالیسی کے ذریعے تاریخ کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کرے، اس سے حقیقت نہیں بدلے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کی آواز سب کے سامنے ہے اور جنتر منتر پر جمع ہونے والے نوجوانوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کیا سوچتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی آزادی کی جدوجہد عدم تشدد اور سچائی کی بنیاد پر لڑی گئی تھی اور اس میں آر ایس ایس کا کوئی کردار نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا ملک اس حقیقت سے واقف ہے، جبکہ جو لوگ اس سے لاعلم تھے، وہ بھی اب ان کے عزائم کو سمجھ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ہاکی ٹیم کئی دہائیوں سے نیلی جرسی میں عالمی مقابلوں میں شرکت کرتی رہی ہے، تاہم ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں ٹیم پہلی بار نارنجی جرسی میں میدان میں اترے گی۔

دوسری جانب بھارتی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ویرین راسکنہا نے بھی جرسی کا رنگ تبدیل کرنے کے فیصلے پر سخت اعتراض کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جرسی کا رنگ تبدیل کرنے کا فیصلہ شرمناک ہے، کیونکہ بھارتی ہاکی ٹیم کی شناخت اور وراثت ہمیشہ نیلی جرسی سے وابستہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شائقین بھی اپنی ٹیم کو نیلی جرسی میں ہی دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے یہ واضح نہیں کہ نارنجی رنگ اختیار کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔