پاکستان میں آج پیٹرول اور ڈیزل کے نرخ
پاکستان میں آج پیٹرول کی قیمت 327 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 380 روپے 86 پیسے فی لیٹر کی قیمت پر فروکت ہو رہا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل صرف 1 روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پیٹرول 329 روپے 82 پیسے میں فروخت ہو رہا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 382 روپے 36 پیسے فی لیٹر تھی۔
یاد رہے 17 جولائی کو وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، اوگرا روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی۔
اگر 20 جولائی سے لے کر اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے مجموعی اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر آٹھ بار کمی کی گئی اور 7 بار اضافہ کیا گیا۔
اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اس پورے عرصے کے دوران چھ بار کمی کی گئی جبکہ 8 بار اس کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔
تاریخی ترتیب کے مطابق 20 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے سستا ہوا تھا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مہنگا گیا تھا۔ اس کے بعد 21 جولائی سے 24 جولائی تک مسلسل چار دن دونوں ایندھنوں کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھائی گئیں۔ 25 جولائی کو قیمتیں بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رہی تھیں، جس کے بعد 27 جولائی کو پیٹرول 1 روپیہ سستا اور ڈیزل 3 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا۔ پھر 28 جولائی کو دونوں کی قیمتیں بڑھیں، 29 جولائی کو پیٹرول 75 پیسے سستا مگر ڈیزل 2 روپے 24 پیسے مہنگا ہوا، اور 30 جولائی کو دونوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
31 جولائی کو حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کی معمولی کمی کی گئی تھی، اور یہ قیمتیں 3 اگست تک برقرار رہی تھیں۔
پھر 4 اگست کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 4 روپے 08 پیسے کمی، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 2 روپے 45 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔
اس کے بعد پانچ اگست کے لیے پیٹرول 3 روپے 39 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 07 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔
6 اگست کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 45 پیسے کا اضافہ جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کی کمی کی گئی تھی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کی پالیسی کے حوالے سے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ”پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، اور اوگرا روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی“۔
حکومت کی جانب سے یہ وضاحت سامنے آئی ہے کہ ماضی میں بین الاقوامی منڈی کے نرخوں، ڈالر کی قدر اور ٹیکسوں کی شرح کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں، اسی لیے عوامی سہولت اور منڈی کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے یہ نیا روزانہ کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔














