محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی، کہاں کہاں بادل برسیں گے؟
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 17 سے 21 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے جب کہ بارشوں کے باعث مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 اگست سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث 17 سے 21 اگست تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اگست کی شام یا رات سے 21 اگست تک آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور اور مردان میں 17 اگست کی شام یا رات سے 21 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اسی طرح کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں 18 سے 21 اگست کے دوران دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور شگر میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 17 اگست کی شام یا رات سے 20 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں مون سون کے چھٹے اسپیل کا الرٹ
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق 16 اگست کی رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش متوقع ہے جب کہ سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح گجرات، گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں بھی بارشوں کا امکان ہے جب کہ قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا اور خوشاب میں بھی بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، میانوالی اور نورپور تھل میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش متوقع ہے۔
لاہور، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 20 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 17 سے 20 اگست تک راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جب کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
ادھر ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو بارشوں کے پیش نظر پیشگی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے جب کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کے خطرے کے باعث ضروری اقدامات کیے جائیں۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
شہریوں اور مسافروں کے لیے احتیاطی ہدایات
علاوہ ازیں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں۔ ان کے مطابق مون سون سیزن کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
شہریوں کو آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو بھی پیشگوئی کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ کاشت کاروں کو موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں سے متعلق سرگرمیوں کا انتظام کرنے اور مویشیوں کی حفاظت یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو موسم کی صورتحال کے دوران الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔














