حج 2027 کے لیے درخواستوں کی وصولی کی تاریخ تبدیل، کب سے جمع ہوں گی؟
حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی حج اسکیم کی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ تبدیل کردی گئی ہے، ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستیں اب 17 کی بجائے 18 اگست سے وصول کی جائیں گی جب کہ درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق حج 2027 کے لیے درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ جس کے مطابق حج 2027 کی درخواستیں پہلے 17 اگست سے وصول ہونا تھیں تاہم اب سرکاری اور نجی حج اسکیم کے تحت درخواستیں 18 اگست سے وصول کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق حج درخواستیں اور اخراجات آن لائن اور حبیب بینک کی مقررہ برانچوں میں جمع کرائے جا سکیں گے۔ حج 2027 کی درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی مزید درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
حج 2027 کے لیے پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے، جس میں سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد یعنی 71 ہزار 684 عازمین کا کوٹہ مختص ہے۔
ذرائع کے مطابق حج 2027 کے اخراجات 2 مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے جب کہ حج درخواست جمع کراتے وقت پہلی قسط میں مجموعی حج اخراجات کا نصف ادا کرنا ہوگا۔
حج درخواستیں اور مقررہ اخراجات حبیب بینک کے ذریعے وصول کیے جائیں گے جب کہ درخواست گزار آن لائن طریقے سے بھی درخواست اور متعلقہ ادائیگی کا عمل مکمل کرسکیں گے۔














