ملک میں انصاف فراہم کرنے کا نظام کمزور ہے،طاہر القادری

شائع 07 دسمبر 2016 05:30am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ ملک میں انصاف فراہم کرنے کا نظام کمزور ہے۔

لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ تحریک قصاص کے دوسرے مرحلے کو شروع کرنے کیلئے ان کی جماعت مناسب وقت کا انتظار کررہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کا نام پوری دنیا میں بدنام کردیا ہے،پاناما کیس پر ایف بی آر، ایف آئی اے اور پارلیمنٹ سمیت ملک کے تمام اداروں کا امتحان ہے۔

طاہر القادری نے کہا کہ ان کی جماعت اگر اپوزیشن میں ہوتی تو پاناما کیس کو کبھی سپریم کورٹ میں نہ لے کر جاتی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کے سرمائے کو بچانے کیلئے عربوں کا سہارا لیا جارہاہے،دیکھنا ہوگا کہ ملک کا قانون طاقتور کو اپنی گرفت میں لاتا ہے یا نہیں۔