پاناما معاملے پرہم نے اپنی داڑھی کسی اور کے ہاتھ میں پکڑا دی،خورشید شاہ

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2016 08:32am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاناما معاملے پرہم نے اپنی داڑھی کسی اورکے ہاتھ میں پکڑا دی۔

کشمیرکے حوالے سے اقوام متحدہ کے نام دستخطی مہم کے موقع پراسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکمرانوں کو پیپلز پارٹی کے مطالبات تسلم کرنے میں ہچکچاہٹ کیوں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ   پیپلزپارٹی کے 4 مطالبات ذاتی یا سیاسی فائدے کیلئے نہیں ، ہم پارلیمنٹ میں پاناما سمیت تمام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اگر ہمارا وزیرخارجہ ہوتا تو بھارت میں پاکستان کی سبکی نہ ہوتی،وزیرخارجہ نہ ہونے کے وجہ سے عالمی سطح پرکشمیر کا مسئلہ متاثرہو رہا ہے۔ وزیرخارجہ کو قوم کا اعتماد ہوتا ہے اس لئے وہ جرات سے بات کرتا ہے،پاکستان کی بدلتی پالیسی نے کشمیرکازکونقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے اورمسئلہ کشمیرکا حل کشمیریوں کی رائے کے مطابق نکالا جائے جبکہ حکمرانوں کوکشمیرکے معاملے پرواضح پالیسی دینی چاہئے ۔ حکومت کو ڈونلڈ ٹرمپ اورایران کی مصالحتی پیشکشوں سے فائدہ اٹھانا چائیے ۔