عمران خان سے معقول بات کی توقع نہیں، خواجہ آصف

شائع 10 دسمبر 2016 01:55pm
File Photo File Photo

سیالکوٹ :وزیر دفاع خواجہ آصف  نے کہا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان سے کسی معقول بات کی توقع نہیں، سوشل میڈیا پر گالیاں نکالنے کو سیاست نہیں کہتے۔

مسلم لیگ ہاؤس سیالکوٹ میں نومنتحب میئر و ڈپٹی میئرز کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان سے منطقی بات کی توقع نہیں رکھی جاسکتی وہ اپنی بات سے خود ہی مکر جاتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گالیاں نکالنے کو سیاست نہیں کہتے۔ ہم نے سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد کیا ہے، اس پر اعتماد نہ کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملک کا عظیم ورثہ ہے اس کا زندہ رہنا وفاق کیلئے ضروری ہے تاہم بلاول بھٹو زرداری کو ٹریننگ دینے والوں کو سمجھنا چاہئے کہ میثاق جمہوریت پر دونوں جماعتوں کا اتفاق ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کبھی بھی کوئی مسئلہ نہیں تھا، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا بحران تھا جو کافی حد تک حل ہوچکا ہے جبکہ باقی ماندہ دوہزار اٹھارہ کے جنرل الیکشن سے قبل حل ہوجائے گا۔