تلور کے شکارکی اجازت دینے پر فریقین کو عدالتی نوٹس

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2016 11:04am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے عرب شہزادوں کو تلور کے شکار کی اجازت دینے کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب کابینہ کی سمری پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئےدیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

جمعرات کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کے سامنےسردار کلیم الیاس ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو ڈی جی وائلڈ لائف نے بتایا کہ تلور کی افزائش میں اضافہ کی وجہ سے شکار کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دس روز میں 100 تلور کے شکار کی اجازت دی ہے۔

اس پردرخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ تلور کا شمار نایاب پرندوں میں ہو تا ہے،اس کے شکار سے اس کی نسل ختم ہونے کا خدشہ ہے، تلور کے شکار کی اجازت غیرملکی معاہدوں کے منافی ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد پنجاب کابینہ کی جانب سے اجازت دینے کی سمری پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئےابو ظہبی کی برڈز انٹرنیشنل برطانیہ اور ابو ظہبی کی تلور فاؤنڈیشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئےسماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔