نیب کی پلی بارگین قانون میں رعایت دینے پر صفائیاں

شائع 23 دسمبر 2016 04:53am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:قومی احتساب بیورو نے بھاری بدعنوانی میں ملوث بلوچستان کے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو پلی بارگین قانون کی رعایت دینے پر صفائیاں پیش کرنا شروع کردیں۔

نیب کے ڈی جی آپریشنز نے میڈیا بریفنگ میں بتایاکہ مشتاق رئیسانی کیس میں بازیاب 2 ارب کے اثاثوں کی نیلامی سے 3 ارب سے زائد کی وصولی متوقع ہے۔

 انہوں نے تسلیم کیاکہ نیب نے پہلے اس کیس میں پلی بارگین درخواست مسترد کی تھی،ڈی جی نے بتایاکہ بارگین کی دوسری درخواست میرٹ پر تھی، ملزموں کی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔

انہوں نے بتایاکہ نیب قانون میں پلی بارگین مقدمہ کے کسی بھی مرحلہ میں ہوسکتی ہے، حتمی منظوری عدالت دیتی ہے۔

ڈی جی نے کہاکہ نیب کو بارگین رقم سے کچھ نہیں ملتا، رئیسانی کے علاوہ دیگر کو رعایت نہیں ملی۔

نیب کا کہناہےکہ رئیسانی نے لکھ کردیاہےکہ اس کا مزید اثاثہ پکڑا جائے تو ضبط کرلیا جائے ، رئیسانی مجرم بن چکے ہیں اور ان کا خاندان شرمندہ ہوچکا ہے۔

ڈی جی نے بتایاکہ پلی بارگین والا صرف جیل نہیں جاتا، نااہلی سمیت باقی سزائیں بھی بھگتتا ہے ۔