آزاد کشمیرمیں بارش اوربرفباری کےباعث کئی علاقوں کازمینی رابطہ منقطع

اپ ڈیٹ 29 جنوری 2020 06:52am
فائل فوٹو

اسلام آباد:آزاد کشمیر میں بارش اوربرفباری آج بھی جاری ہے،برفباری کے باعث نیلم،لیپہ،حویلی سمیت کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

 آزاد کشمیر کی وادی نیلم،وادی باغ،پونچھ اور حویلی کے مختلف علاقوں کا برفباری کے باعث زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جبکہ  متعدد سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

 برفانی تودوں کی تباہ کاریوں سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی زندگیاں ایک بار پھرخطرے میں پڑگئیں۔

آزاد کشمیر میں برفباری سے متاثرہ اور حکومت کی جانب سے آفت زدہ قرار دیے گئے علاقوں میں مزید لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے امکان کے پیش نظراسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے روک دیا ۔

مظفرآباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ آج دوسرے  روز بھی جاری ہے،جس کے باعث  شہر اور نواحی علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔