چین میں پاکستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری ہیں،دفترخارجہ

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2020 11:01am
فائل فوٹو

اسلام آباد: دفتر خارجہ  کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ چین میں پاکستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری ہیں، عالمی برادری نے بھی چین کے اقدامات کوسراہا، چینی حکومت کے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات پر پاکستان بھی مطمئن ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق چینی حکومت نے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں ،اس گھڑی میں چین کے باسیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ترجمان دفترخا رجہ کا کہنا تھا کہ ووہان میں موجود پاکستانی شہریوں کو تحفظ دینے کے لیے پاکستانی حکومت پوری طرح فعال ہے، پاکستانی سفارتخانے میں رابطوں کے لیے نمبرمختص کر دیئے گئے ہیں۔ شہریوں کو درپیش خوراک کے مسئلے پر چینی حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزیدبتایا کہ چین میں پاکستانی شہریوں کو ڈیٹا بیس رجسٹریشن کا کہا ہے، کسی ملک نے باضابطہ طور پر اپنے شہری چین سے نہیں نکالے، چینی حکام پاکستانی شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مواصلاتی  نظام کی مسلسل بندش کی مذمت کرتےہیں،مقبوضہ وادی میں کرفیوکا179واں روزہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کینیا کےدورہ پرہیں ،وزیرخارجہ نےکینیا میں کئی اہم ملاقاتیں کیں۔