نہتےکشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں،بلاول بھٹو 

اپ ڈیٹ 05 فروری 2020 10:22am
فائل فوٹو

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ کشمیرہماری شہ رگ اور اٹوٹ حصہ ہے،نہتےکشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹ بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر کے ہزاروں شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،حقِ خودارادیت کی خاطر بدترین جبر و بربریت کا سامنا کرنے والی کشمیری عوام کو سلام پیش کرتا ہوں،مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب معاملے پر اپنی ذمہ داری سے مزید صرفِ نظر کی متحمل نہیں ہو سکتی، مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے سیاسی عزم اور عالمی ضمیر کے جاگنے سے ہاتھ بھر کی دوری پر ہے، جنت نظیر وادی میں 185 دنوں سے لاک ڈاوَن جاری ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ نہتے کشمیریوں پر مودی کےمظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں اور کشمیریوں کی 7 دہائیوں سے جاری جدوجہد کو بھارت دبانے میں ہمیشہ ناکام ہوا جبکہ پاکستانی قوم کادوٹوک مؤقف ہے کہ کشمیر ہمارا شہ رگ اور اٹوٹ حصہ ہے، پاکستان کا ہر شہر، گلی اور گاوَں آج یک آواز ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں و بہنوں کے ساتھ ہیں۔