بلوچستان میں سیاسی بحران ، سنجرانی اور خٹک سرگرم

بلوچستان میں سیاسی بحران کے حل کیلئے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی...
شائع 23 اکتوبر 2021 07:37pm

بلوچستان میں سیاسی بحران کے حل کیلئے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور وزیردفاع پرویز خٹک وزیراعلی بلوچستان کے ساتھ کئی گھنٹوں سے جوڑے بیٹھے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سیاسی بحران کے حل کی کاوشیں جاری ہیں اور صادق سنجرانی کئی گھنٹے سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق پرویزخٹک بھی وزیراعلی سے مذاکرات میں شریک ہیں ، جبکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں جام کمال کے اتحادی بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی جو حکمران جماعت کے 14ارکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی۔ صوبائی اسمبلی کا اجلاس 25 اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا۔

جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد سردارعبدالرحمن کھیتران نے پیش کی جس کے حق میں 33 ووٹ پڑے۔

اپوزیشن اراکین کا دعویٰ ہے کہ ہمارے 4 اراکین لاپتہ ہیں جس میں اکبر اسکانی، بشریٰ رند، لیلیٰ ترین اور ماہ جبین شیران شامل ہیں۔

تحریک میں بی اے پی کے 11، بی این پی کے 2، پی ٹی آئی کے ایک رکن اسمبلی کا نام شامل ہے، قرادرداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جام کمال خان کی خراب حکمرانی پر انہیں وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 25 اکتوبر صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ 25 اکتوبر کو تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری ہوگی۔