سیکیورٹی فورسز کا ضلع خیبر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، فتنۃ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک

گرفتاری کے خوف سے دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ میں 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہوگیا، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 24 اپريل 2026 10:43am

خیبر ضلع میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 22 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک کمسن بچہ بھی شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر ضلع میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران 22 دہشتگرد مارے گئے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الخوارج سے بتایا جاتا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک 10 سالہ بچہ شہید ہو گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ علاقے میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔