پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کا بے بنیاد پروپیگنڈا ایک بار پھر مسترد کردیا
ترجمان دفترخارجہ نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی حالیہ مہم اور بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے بھارتی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پہلگام واقعے سے پاکستان کا تعلق جوڑنا قابل مذمت ہے۔
جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے، ایسے میں بھارت کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان کو پہلگام واقعے سے جوڑنے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت علاقائی کشیدگی کے باوجود داخلی سیاسی مقاصد کے لیے پاکستان کے خلاف جھوٹے بیانیے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جو ایک پرانی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ طاہر اندرابی کے مطابق گزشتہ سال آپریشن بنیان المرصوص کی صورت میں مؤثر جواب ملنے کے بعد بھارت ایک بار پھر الزامات کے ذریعے حقائق سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے ہتھکنڈے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھنے سے نہیں ہٹا سکتے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات، مسلسل اشتعال انگیزی اور فوجی جارحانہ طرز عمل خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت کا یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اقدام بھی بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی تلقین کرے جو علاقائی اور عالمی امن کی کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔
















