Aaj News

جمعہ, دسمبر 13, 2024  
10 Jumada Al-Akhirah 1446  

زمان پارک میں ہنگامہ آرائی: عمران خان کیخلاف 4 مقدمات درج

2 مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرلی گئیں
اپ ڈیٹ 16 مارچ 2023 09:49am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فیس بک
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فیس بک

زمان پارک لاہور میں ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 4 مقدمات درج کرلیے گئے۔

عمران خان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ظل شاہ کی موت کے حقائق چھپانے پر عمران خان و دیگر کیخلاف مقدمہ

پولیس وین کو توڑنے کا مقدمہ ایلیٹ پولیس اہلکار شبیر حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ٹریفک پولیس آفس جلانے کا مقدمہ ٹریفک آفیسر ظفر القدوس کی مدعیت میں درج ہوا جبکہ دیگر 2 مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایس ایچ او ریس کورس ریحان انور کی مدعیت میں درج مقدمے میں دہشت گردی سمیت 20 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے قائدین اور سیکڑوں کارکنان نے عمران خان کی ایما پر سنگین جرائم کیے، عمران خان اور ساتھیوں پر مجرمانہ سازش کی دفعہ بھی لگائی گئی ہے۔

مقدمے میں بلوہ، مسلح افراد کا غیرقانونی اکٹھ، سمن وصولی سے انکار، کار سرکار میں مداخلت اور مجرموں کو پناہ دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان عوام کیلئے مشکلات اور پریشانی پیدا کرنے کے موجب بنے، کارکنوں نے پیٹرول بم استعمال کیے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی کارکنوں کے حملوں میں ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت 63 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

دوسری جانب زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے، کارکنوں کا جوش و خروش عروج پر ہے۔

کارکنان کی جانب سے زمان پارک کا محاصرہ بھی برقرار ہے، کارکن کپتان کی گرفتاری کی کوشش کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا پولیس کو آج صبح 10 بجے تک زمان پارک آپریشن روکنے کا حکم

پولیس اور کارکنان کے درمیان جھڑپیں گزشتہ روز سے معطل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو آج صبح 10 بجے تک زمان پارک آپریشن روکنے کا حکم دیا تھا۔

pti

imran khan

lahore

Imran Khan Arrest

zaman park

Zaman Park March 15 2023

Political March 16 2023