Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

پی ٹی آئی کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا

اسلم خان، جمشید چیمہ، مسرت جمشید چیمہ رہائی کے بعد پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے

تحریک انصاف کی رہنما عبدالرزاق نیازی نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا جب کہ مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ کے پی ٹی آئی چھوڑنے کا امکان ہے۔

9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کا پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر رہنما پارٹی پالیسی اور 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کررہے ہیں۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالرزاق خان نیازی نے بھی ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالرزاق نیازی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کوتنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملے کیے گئے، شہداء کی تصاویر اور گھروں کو آگ لگائی گئی، یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ عوام نے خود حملے کیے ہوں، قیادت کی ہدایت کے بغیر کوئی اتنا بڑا اقدام نہیں اٹھا سکتا۔

عبدالرزاق نیازی نے کہا کہ پاک افواج نے ہمارے لئے 2 جنگیں لڑیں اور جانیں قربان کیں، افواج کی وجہ سے پاکستان سے دہشت گردی ختم ہوئی، پاکستانی عوام نے ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ دیا ہے، عوامی سپورٹ نہ ہو تو وہی ہوگا جو ایسٹ پاکستان میں ہوا تھا، آج بھی عوام کو فوج کے سامنے کھڑا کیا جا رہا ہے، عوام اور فوج کے آمنے سامنے آنے سے نقصان ہوگا۔

جلیل شرقپوری کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

حال ہی میں تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری نے بھی اپنی جماعت کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

جلیل شرقپوری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد میں فوج کا کوئی کردار نہیں تھا، لیکن پی ٹی آئی چیئرمین نے پاک فوج کو بلاوجہ بدنام کیا، نو مئی کے واقع پر بہت افسردہ ہوں، اس کی مکمل اور پوری ذمہ داری عمران خان کی ہے، جس نے پاکستان کی نوجوان نسل کو فوج کے خلاف اکسایا۔

جلیل شرقپوری کا کہنا تھا کہ میں کسی سیٹ کا امیدوار نہیں، لیکن میرے حلقہ کا ٹکٹ دیتے ہوئے مجھ سے مشورہ بھی نہیں کیا گیا، اب میں عمران خان کے ساتھ اب چل سکتا۔

مخدوم افتخارحسن گیلانی کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

بہاولپور کے علاقے اوچ شریف سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے مخدوم افتخار حسن گیلانی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

بہاولپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افتخار حسن گیلانی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں پی ٹی آئی کے ساتھ مزید نہیں رہ سکتا، پاک افواج ہماری محافظ ہے، افواج کے خلاف ہرزہ سرائی قابل قبول نہیں۔

ایم این اے اسلم خان کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ

کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کی ایک اور اہم وکٹ گرنے والی ہے، 2018 کے الیکشن میں این اے 254 سے منتخب رکن قومی اسمبلی اسلم خان کا پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلم خان نے 9 مئی کے واقعات سے دلبرداشتہ ہو کر پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ سوشل میڈیا پر پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کریں گے، اسلم خان کے کوآرڈینیٹر محمد حارث پہلے ہی پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی بلال غفار بھی علیحدہ

کراچی سے پی ٹی آئی ایم پی اے بلال غفار نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔ بلال غفار نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے پارٹی اور سیاست دونوں سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔ انھوں نے کہا کہ کسی دوسری سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہورہا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، پاک فوج ایک اہم ادراہ ہے اور اس کی بہت قربانیاں ہیں۔

چوہدری سلیم نے کپتان کا ساتھ چھوڑ دیا

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے چوہدری سلیم بریار نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ انھوں نے کہا کہ 9 مئی کو پُرتشدد واقعات سے دل رنجیدہ ہے، ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا ملی چاہیے۔

مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا امکان

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ کے وکیل ملک ریاض نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، جمشید چیمہ 9 مئی کے واقعات پر بہت رنجیدہ ہیں۔

وکیل ملک ریاض نے بتایا کہ دونوں رہنما تقریبا فیصلہ کرچکے ہیں کہ وہ پارٹی چھوڑ دیں گے، اور جوں ہی یہ جیل سے آئیں گے پارٹی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کردیں گے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے 15 سے زائد رہنماؤں نے پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔

تحریک انصاف سے رہنماوں کی علیحدگی کا سلسلہ تب شروع ہوا جب کراچی سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے محمود مولوی نے پارٹی پالیسی اور عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات سے نالاں ہوکر پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ روز بھی تحریک انصاف ویسٹ پنجاب کے صدر فیض اللہ کموکا اور سابق صوبائی وزیر اوقات پیر سعید الحسن شاہ نے 9 مئی کے واقعات کو بنیاد بناکر پارٹی کو خیرباد کہہ دیا، جب کہ حال ہی میں پی ٹی آئی میں ضم ہونے والی ق لیگ کے مرکزی رہنما اور چوہدری شجاعت کے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے بھی پرویزالہیٰ کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

pti

PTI protest

imran khan arrested

Politics May 23 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div