سلیم حبیب یونیورسٹی کا پہلا کانووکیشن: شاہد آفریدی سمیت معروف شخصیات کی شرکت

ہمیں سلیم حبیب یونیورسٹی کے تاریخی کانووکیشن کا حصہ بننے پر فخر ہے، طلباء
شائع 05 جون 2023 10:54am

سلیم حبیب یونیورسٹی کراچی کے ایم بی بی آڈیٹوریم میں پہلا کانووکیشن منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر آف فارمیسی، بی ایس کمپیوٹر سائنس، بی بی اے، کے پروگراموں کے لیے سال 2021 اور 2022 کے گریجویٹوں کو ڈگریاں دی گئیں۔

3 جون 2023 بروز ہفتہ ہونے والی اس تقریب میں ایم بی اے، بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس، بی ای بائیو میڈیکل انجینئرنگ، اور بی ایس بائیو سائنسز اور دیگر شعبہ جات میں 113 طلباء کو بھی ڈگریاں دی گئیں، جب کہ 14 اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والوں کو گولڈ میڈل اور 12 کو سلورمیڈل دیا گیا۔

کامیاب فارغ التحصیل طلباء نے کہا کہ ہم سلیم حبیب یونیورسٹی کے تاریخی پہلے کانووکیشن کا حصہ بنے، ہمیں اس بات کا فخر ہے اور اب اپنی یونیورسٹی کے سابق طلباء کے نیٹ ورک کا رکن بننے پر مسرت کا اظہار کرتے ہیں۔

تقریب کی نظامت یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر کلیم رضا خان نے کی۔ چانسلر ڈاکٹر ارم آفاق، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بیرٹ ہاجسن پاکستان کے ڈپٹی چیئرمین، اور سلیم حبیب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بانی ممبر نے اپنے خطاب میں طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بڑے خواب دیکھیں اور اپنے خوابوں کو پورا کریں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد خان نے یونیورسٹی کی تاریخ اور اس کے نمایاں کارناموں سے آگاہ کیا۔

مہمان خصوصی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ محمد اسماعیل راہونے گریجویٹس کو ان کی کامیابیوں پر سراہتے ہوئے کہا کہ علم کی تلاش جاری رکھیں۔ تعلیم اور صحت سندھ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جناب شاہد آفریدی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

کانووکیشن میں سلیم حبیب یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے ممبران بھی موجود تھے، جن میں سلیم حبیب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر جناب محمد عباس، ڈاکٹر محمد حسین حبیب، ڈائریکٹر ایجوکیشن اینڈ ایڈمیشنز، مسٹر طارق امین، اور علی نقوی شامل تھے۔