Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ڈرو گے تو مرو گے، بلاول

ہم مقابلے کے لیے تیار ہیں اور آرہے ہیں، حیدرآباد میں خطاب
اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2023 12:02am
تصویر: ایکس/ پی پی پی
تصویر: ایکس/ پی پی پی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دو، اتحادیوں سے کہتا ہوں ڈرو گے تو مرو گے۔

حیدر آباد میں چھ ملین گیلن پانی کی فراہمی کے واٹر فلٹر پلانٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ نالائق کو نکالنے کے لیے عدم اعتماد کی کامیابی حیدرآباد کے عوام کی وجہ سے تھی، اگر وہ وزیراعظم نہیں رہا تو جیالوں کی محنت کی وجہ سے نہیں رہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج میں آپ سے مانگنے نہیں بلکہ آپ کو دینے کے لیے آیا ہوں، حیدرآباد کےعوام کو پینے کا پانی ملے گا، ہمیں ہر شہر میں صاف پانی پہنچانا ہے۔

چئیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے منشور پر الیکشن لڑیں گے، میں پاکستان کے عوام پر بھروسہ کرتا ہوں، میں عوام کے پاس جاؤں گا اور بتاؤں گا کہ میں ملتان، فیصل آباد اور پشاور کو بھی پانی دینا چاہتا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دو، اتحادیوں سے کہتا ہوں کہ ڈرو گے تو مرو گے، الیکشن سے بھاگنا پیپلز پارٹی کی ٹریننگ میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو پیغام ہے کہ ہم مقابلے کے لیے تیار ہیں، پیپلز پارٹی کے جیالے آپ سے نہیں ڈرتے، ہم الیکشن میں ملک کے کونے کونے میں سیاسی یتیموں اور کٹھ پتلی سیاست دانوں کا صفایا کردیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کردارکشی کی مہم 3 نسلوں سے چلتی آرہی ہے، وہ سیلیکٹڈ کو مسلط کرنا چاہ رہے تھے تو پیپلز پارٹی کے خلاف نہ جانے کیا کیا کہا گیا، ہم نے جھوٹ کا منہ توڑ جواب دینا ہے۔

بلاول نے کہا کہ ہم کندھوں پر لاشیں اُٹھا کر الیکشن لڑنے کے عادی ہیں۔ نہ ماضی میں الیکشن سے بھاگے نہ آج بھاگ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ گذشتہ 18 ماہ سے اتحادیوں سے یہی مطالبہ کر رہے ہیں کہ اگر ڈرو گے تو مرو گے ’مگر افسوس کی بات ہے ہمارے باقی سیاسی اتحادی ڈر چکے ہیں۔۔۔ وہ ضمنی الیکشن سے بھاگتے ہیں۔ وہ بلدیاتی الیکشن سے بھاگتے ہیں۔ اب شاید عام انتخابات سے بھاگنا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے تحریک انصاف پر ’نفرت کی سیاست‘ کرنے کا الزام لگایا۔ ’میرا آپ سے وعدہ ہے کہ جو صوبوں میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے ہیں، اداروں اور عوام کے درمیان دراڑ قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔۔۔ میرا ان کے لیے پیغام ہے کہ پیپلز پارٹی کے جیالے آپ سے نہیں ڈرتے۔ ہم آ رہے ہیں اور مقابلے کے لیے تیار ہیں۔‘

Bilawal Bhutto Zardari

Hyderabad

Pakistan People's Party (PPP)

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div