Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

65 ارب کے ٹیکس ریفنڈ کلیئر، وزیراعظم نے نجکاری پر زور دینے کا اعلان کردیا

وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے بات چیت کو فوری طور پر آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی
شائع 04 مارچ 2024 11:04pm
فوٹو۔۔فائل
فوٹو۔۔فائل

وزیر اعظم شہباز شریف کے حکم پر ایف بی آر نے 65 ارب روپے کے واجب الادا ریفنڈز جاری کردیے۔ شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں بعد ہی ملکی معیشت کی بحالی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا اور نجکاری پر زور دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے بات چیت کو فوری طور پر آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔

اہم اجلاس میں وزیراعظم کو سیکرٹری خزانہ کی طرف سے ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کہ ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے اور یہی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور طریقے سے کام کرے گی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 65 ارب روپوں کے ٹیکس ریفنڈز کلئیر کر دیئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسے ٹیکس ادا کرنے والے جو ملکی برآمدات میں اضافے اور ملکی معیشت میں ویلیو ایڈیشن کے لئے کام کر رہے ہیں وہ ہمارے سروں کا تاج ہیں ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھے ٹیکس پئیرز کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں شفافیت لانے کے لئے آٹومیشن نا گزیر ہے، ایف بی آر اور دیگر اداروں کی آٹومیشن پر فی الفور کام شروع کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نقصان میں جانے والے حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائیگی تاکہ یہ ادارے ملکی معیشت پر مزید بوجھ نہ بنیں۔

وزیراعظم نے حکومتی بورڈز کے ممبران کی مراعات میں کمی کے لئے واضح حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ شہباز شریف نے پاور اور گیس سیکٹرز کی اسمارٹ میٹرنگ پر منتقلی کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی، کیونکہ اسمارٹ میٹرنگ سے لائن لاسز کم کرنے مدد ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ تمام بینکس اور مالیاتی ادارے درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے حکمت عملی تیار کریں تاکہ ملک کے نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد مل سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی حجم کم کیا جائے گا ، ایسے ادارے جن کی ضرورت نہیں انہیں یا تو ضم کر دیا جائے یا پھر بند کر دیا جائے، اس حوالے سے حکمت عملی بنائی جائے۔اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ملک میں معاشی استحکام کے حوالے سے ایک انتہائی اہم قدم ہے جس کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

اگلا اجلاس

وزیراعظم کا اگلا اجلاس فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حوالے سے منعقد کیا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری ، سرمایہ کاروں اور نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

economic crisis

presidential election

PM Shehbaz Sharif

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div