Aaj News

جمعہ, دسمبر 13, 2024  
10 Jumada Al-Akhirah 1446  

ماموں بھانجے میں اختلافات ختم، ایک دوسرے کو گلے لگا لیا

کپل شرما شو کی اگلی قسط میں گووندا خصوصی طور پر شریک ہوں گے
شائع 25 نومبر 2024 05:58pm

معروف بھارتی اداکارگووندا اور کامیڈین کرشنا اختلافات ختم کرکے گلے لگ گئے ، ماموں بھانجے کے رشتے میں 2 سال قبل تلخیاں آگئی تھیں۔

نیشنل ٹی وی پر کرشنا ابھیشیک کے ایک لطیفے سے ان کے ماموں اداکارگووندا کو کافی دکھ پہنچا تھا جس کے بعد ان کی بیویوں سنیتا آہوجا اور کشمیرا شاہ کے درمیان بھی تکرار دیکھنے میں آئی تھی۔

لیکن کہا جاتا ہے کہ خون پانی سے زیادہ گاڑھا ہوتا ہے، جب گووندا کو اپنی بندوق سے گولی لگنے کی خبر سامنے آئی ، کرشنا ابھیشیک اور اہلیہ کشمیرا ان کی عیادت کے لیے پہنچ گئے۔

اب ایسا لگتا ہے کہ دونوں فیملیز کے دل پگھل گئے ہیں اور انہوں نے جو ہوا سو ہوا کے مصداق آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کپل شرما کے نیٹ فلکس شو کی اگلی قسط میں گووندا خصوصی طور پر شریک ہوں گے، ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہونے کے بعد یہ ان کی پہلی ٹی وی انٹری ہوگی۔

یہ قسط انتہائی خاص ہے کیونکہ اس میں کرشنا ابھیشیک کی اپنے ماما گووندا کے ساتھ طویل انتظار کے بعد دوبارہ ملاقات سامنے آئی ہے، شو میں اداکار شکتی کپور اور چنکی پانڈے بھی نظر آئیں گے۔

پروگرام پرومو میں دیکھا گیا کہ گووندا نے کرشنا ابھیشیک کا کھلی بانہوں سے استقبال کیا، ماما بھانجا جوڑی نے ایک ساتھ رقص کیا اور ایک دوسرے کو گلے لگایا۔

کرشنا نے بتایا کہ کس طرح ان کی 2 سال بعد ملاقات ہوئی ہے، اب وہ انہیں چھوڑ کر نہیں جائیں گے، اس موقع پر حاضرین کے درمیان بیٹھی کرشنا کی بہن آرتی سنگھ مسکراتے ہوئے آنسوؤں پر قابو پانے کی پوری کوشش کرتیں دکھائی دیں۔

شو کے دوران جب کرشنا پرفارم کر رہے تھے، انہوں نے کیکو شردا کو ’گدھا‘ کہا جس پر گووندا نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان میں ایک اور گدھا تھا اور فوراً بھانجے کی طرف اشارہ کردیا۔

پچھلے سال گووندا منیش پال کے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے اور اپنے دل کو پہنچنے والی تکلیف کے بارے میں بات کی، گووندا نے انکشاف کیا کہ کامیڈی شو کے دوران کرشنا کے ون لائنر نے انہیں چوٹ پہنچائی تھی۔

گووندا نے بتایا کہ اتفاق سے وہ ٹی وی دیکھ رہے تھے اور ایک کامیڈی شو میں کرشنا سے کسی نے پوچھا کہ کیا ان کا کوئی فلمی دشمن ہے؟

جس پر کرشنا نے جواب دیا مجھے ضرورت نہیں ہے، میرے گھر میں میرے ماموں ہیں ، گووندا کے مطابق انہیں محسوس ہوا کہ یہ لائن شو کے رائٹر نے نہیں لکھی ہوگی ، مجھے لگا کہ اسے ایسا لگتا ہے کہ میری وجہ سے اس کی زندگی میں کچھ غلط ہورہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کرشنا کو ہمیشہ کے لیے معاف کرچکے ہیں تاہم نفرت کے باوجود گووندا نے اپنی بھانجی اور کرشنا کی بہن، آرتی کی شادی میں شرکت کی۔

india

film star

show biz