’ڈکار لیتا ہو اور نہ ہی—‘ خاتون کا ضرورت رشتہ کا اشتہار وائرل
بھارت میں ”ضرورتِ رشتہ“ کے اشتہار اکثر اپنے مزاح، غیر معمولی مطالبات یا انتہائی عجیب و غریب شرائط کی وجہ سے توجہ حاصل کرتے رہتے ہیں۔ اخبارات یا آن لائن شئیر کردہ ان اشتہارات میں بعض اوقات انتہائی مخصوص تقاضے شامل ہوتے ہیں، جنہیں دیکھ کر یا پڑھ کر ہنسی چھوٹ جاتی ہے۔
حال ہی میں، ایک نرالا ضرورت رشتہ کا اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں ایک ایسے جیون ساتھی کا مطالبہ کیا گیا ہے جو نہ ڈکار لیتا ہو اور نہ ہوا خارج کرتا ہو۔
اشتہار میں سماجی شعبے میں کام کرنے والی ایک 30 سالہ ”فیمنسٹ“ خاتون کو بیان کیا گیا ہے، جس نے پئیرسنگ (ناک، کان اور جسم کے دیگر حصے چھدوانا) کرا رکھی ہے اور چھوٹے بال بتائے ہیں۔
خاتون نے اشتہار میں سختی سے کہا ہے کہ مطلوبہ لڑکے کی عمر 25 سے 28 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔
خاتون کا مطالبہ ہے کہ ان کا مطلوبہ دولہا اکلوتی اولاد ہوا جس کے پاس ایک پھلتا پھولتا کاروبار ہو، کم سے کم 20 کروڑ روپے مالیت کا بنگلہ یا کوئی کافی فارم ہاؤس ہو اور کھانا پکانے میں بھی مہارت رکھتا ہو۔
اس اشتہار نے آن لائن تفریح اور غم و غصے کا ایک مرکب پیدا کیا۔ بہت سے لوگوں نے اس معیار کو منافقانہ قرار دیتے ہوئے خاتون پر تنقید کی، جبکہ دوسروں نے شادی سے متعلق سماجی توقعات پر مزاحیہ انداز میں تعریف کی۔
ایک صارف نے لکھا، ’اس خاتون نے اپنی ظاہری شکل بتائی لیکن جائیداد نہیں، بلکہ لڑکے کی خصوصیات کے بارے میں مخصوص تقاضے بتائے ۔ کیا یہ فیمینزم ہے؟‘
ایک اور نے مذاق میں لکھا، ’اس کا مطلب ہے کہ مرد اب سکون سے ہوا بھی خارج نہیں کرسکتے‘۔
بہت سے لوگوں نے قیاس کیا کہ یہ اشتہار غیر معمولی طور پر مخصوص اور مزاحیہ مطالبات کی وجہ سے ایک مذاق ہو سکتا ہے۔
بعد میں انکشاف ہوا کہ یہ اشتہار درحقیقت ایک مذاق ہی تھا جو عورت کے بھائی اور بہترین دوست نے اس کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر ترتیب دیا تھا۔
یہ اشتہار اصل میں 2021 میں ایک اخبار میں شائع کیا گیا تھا اور بی بی سی کے مطابق شمالی ہندوستان کے ایک درجن شہروں میں شائع ہوا تھا اور اب ایک بار پھر وائرل ہوا ہے۔
Comments are closed on this story.