Aaj News

ہفتہ, فروری 08, 2025  
10 Shaban 1446  

پیپلز پارٹی کا احتجاج کام کرگیا، حکومت کی کل وزیراعظم کے ایوان میں آنے کی یقین دہانی

وزیراعظم ایوان میں نہ آئے تو اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا، پیپلز پارٹی
شائع 20 جنوری 2025 11:27pm

قومی اسمبلی میں حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی کا احتجاج کام کرگیا، اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں اتحادی پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورتی عمل ہوا، حکومت نے کل وزیراعظم کے ایوان میں آنے کی یقین دہانی کرا دی، پیپلز پارٹی نے کہا کہ کل بھی اگر وزیراعظم ایوان میں نہ آئے تو اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا اپنے چیمبر میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا، حکومت نے پیپلزپارٹی کے مطالبے پرکل وزیراعظم کے ایوان میں آنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے مشاورتی اجلاس میں موقف پیش کیا کہ کل اگر وزیراعظم ایوان میں نہ آئے تو اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں پھر ایجنڈا پورا نہ ہوسکا، اپوزیشن کی مسلسل نعرے بازی

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہونیوالے مشاورتی اجلاس میں پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے ایوان میں آنے تک تعاون سے انکار کردیا، جبکہ حکومتی ذمہ داران نے پیپلز پارٹی کو ایوان میں ساتھ دینے کی درخواست کی۔

مشاورتی اجلاس میں پیپلز پارٹی نے زیرالتوا معاملات پر وعدے پورے کرنے کی یقین دہانی بھی مانگی، معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پررابطہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کرکے حکومتی ارکان کی عدم دلچسپی کا معاملہ اٹھایا اور وزیراعظم سے نوٹس لینے کی درخواست کی، جس پر وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کے مطالبے پر ایوان میں آنے کی یقین دہانی کرا دی۔

حجاج اللہ کے مہمان ہیں، ان کی معاونت میں کسی قسم کی لاپروائی قبول نہیں کروں گا، وزیراعظم

پیپلز پارٹی کے چیف وہیپ سید نوید قمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی ایوان کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہتی مگر حکومت کو کورم معاملہ حل کرنا چاہیے، وزیراعظم ایوان میں آجائیں تو کورم کا مسئلہ ختم ہو جائے گا، حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے، اب اب کل دیکھیں گے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صرف یہ مطالبہ کیا تھا کہ وزیراعظم کچھ دیر کیلئے ایوان میں آئیں، ہم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم جمعہ کے روز ایوان میں آئیں گے مگر وہ نہیں آئے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم بارہا وعدوں کے باوجود ایوان میں نہیں آرہے جس پر آج کارروائی کا بائیکاٹ کیا، حکومت نے اب منگل کے روز وزیراعظم کے ایوان میں آنے کی یقین دہانی کرائی، اگر وزیراعظم وعدے کے باوجود ایوان میں نہ آئے تو پھر اجلاس کا بائیکاٹ ہوگا۔

PMLN

federal government

PPP

National Assembly

USA

PM Shehbaz Sharif

Pakistan People's Party (PPP)