Aaj News

ہفتہ, اپريل 19, 2025  
20 Shawwal 1446  

عمران خان کو بیٹوں سے بات اور طبی معائنہ کروانے کی اجازت دینے کا حکم

احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ 28 اپریل تک جمع کروانے کی ہدایت
شائع 15 اپريل 2025 03:14pm

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف کو اپنے بیٹوں سے بات کرنے اور ذاتی معالج سے طبی معائنہ کروانے کی درخواستیں منظور کر لیں۔ عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی ہے کہ ان احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ 28 اپریل تک جمع کروائی جائے۔

یہ فیصلہ اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے دیا، جنہوں نے اس حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن، پارٹی رہنماؤں اور فیملی ممبران کو ناکوں پر روک دیا گیا

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکلا عثمان ریاض گل اور ظہیر عباس عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ عدالت اس سے قبل بھی طبی معائنے کے لیے احکامات جاری کر چکی ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے لیے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا جا چکا ہے، جبکہ عدالت نے جیل ڈاکٹرز کی موجودگی میں ذاتی معالج سے ماہانہ بنیاد پر طبی معائنے کی اجازت بھی دی تھی۔

’آپ کے وعدے کا کیا ہوا؟‘ امریکی وفد کی آرمی چیف کی ملاقات پر پی ٹی آئی کے حامی مایوس

عدالت نے تمام دلائل مکمل ہونے پر بانی پی ٹی آئی کی اپنے بیٹوں سے گفتگو اور ذاتی ڈاکٹر سے معائنے کی درخواستیں منظور کر لیں اور احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کرنے کی تاریخ 28 اپریل مقرر کر دی۔

imran khan