کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں بارودی سرنگ کا دھماکا، 4 افراد جاں بحق
کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سرنگ کے دھماکے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا۔
صدرِ مملکت کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت نے دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے چار جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے شہید ہونے والے جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی عظیم قربانیوں کی معترف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
اسپیکرقومی اسمبلی کا دھماکے میں شہید ہونے والے 4 ایف سی جوانوں کوخراج عقیدت
اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دھماکے میں شہید ہونے والے 4 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید ایف سی جوانوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ، انہوں نے کہا ایف سی کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ایف سی کے جوانوں کی قربانیاں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Comments are closed on this story.