’ کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں’، وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ پر واضح کردیا
وزیر اعظم سے امریکی وزیر خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں شہباز شریف نے مارکو روبیو پر واضح کردیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، بھارت کے حملوں نے نہ صرف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی بلکہ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے آج امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو کے دوران بھارت کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی، جس کے نتیجے میں 31 شہری شہید، 57 زخمی ہوئے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے حملوں نے نہ صرف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی بلکہ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں سے شدید غصّے میں ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تشویش کو سراہا۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ وہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، اس مقصد کے لیے انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ دونوں فریقین نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ کل پاکستان پہنچیں گے
دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ کل پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ عادل الجبیر کل اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ مہمان وزیرمملکت برائے خارجہ آج بھارتی دارلحکومت میں تھے۔
پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے عالمی برادری سرگرم ہے، اس سے قبل ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی بھی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔
اپنے دورے کے دوران ایرانی وزیرخارجہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈاراور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔
Comments are closed on this story.