یہ سوچنا بھی نہیں چاہیئے کہ حملہ ہوگا اور پاکستان جواب نہیں دے گا، پاکستانی سفیر
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید نے کہا ہے کہ پاکستان نے جارحیت نہیں کی بلکہ یہ اقدام بھارت کی جانب سے کیا گیا ہے، یہ سوچ تک نہیں آنی چاہیئے کہ پاکستان پر حملہ ہوگا اور پاکستان کی جانب سے جوابی ردعمل نہیں آئے گا، اب تک پاکستان نے صرف حق دفاع استعمال کیا، جوابی کارروائی بھی کریں گے، حالات کو معمول پر لانے کی ذمہ داری بھی بھارت ہی پر عائد ہوتی ہے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارت کو ایسا سوچنا ہی نہیں چاہیے کہ پاکستان خاموش رہے گا، بھارت نے تیسری رات لگاتار حملہ کیا ہے، 30 سے زائد پاکستانی شہید اور 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت نے کرکٹ اسٹیڈیم پر حملہ کیا کرکٹ اسٹیڈیم میں کیا دہشتگرد ہوتے ہیں؟ پاکستان کبھی جنگ نہیں چاہتا لیکن جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔
رضوان سعید نے بھارتی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی شواہد کے پاکستان کے خلاف کارروائی ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے اور جارحیت کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ عوام کا حکومتِ پاکستان پر بھارت کو جواب دینے کا دباؤ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نازک صورتحال میں بھارت کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر مجبور کرے۔