Aaj News

ہفتہ, مئ 24, 2025  
26 Dhul-Qadah 1446  

بھارت نے تحقیقات کی پیشکش نہ مان کر جارحیت اختیار کی، جوابی کارروائی ہمارا حق ہے، پاکستان

بھارتی اقدام نے 2 جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا، ترجمان دفتر خارجہ
شائع 09 مئ 2025 03:20pm

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی جانب سے تحقیقات کی پیشکش نہ مان کر جارحیت کا راستہ اختیار کیا، جس پر جوابی کارروائی کرنا پاکستان کا حق ہے، بھارتی اقدام نے دو جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا ہے، بھارتی جنگی جنون سے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ 7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان پر جارحیت کا مظاہرہ کیا اور بھارت نے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا، بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا ہے اور جواب میں پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے، پاکستان ہرممکن صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے، پاکستان بھارتی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، بھارت نے امن کے بجائے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، پاک مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہ دے سکا، بھارت پہلگام واقعے کا ایک بھی ثبوت پیش نہ کرسکا، پاکستان نے نیک نیتی سے پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے پہلگام واقعے کا بغیر شواہد پاکستان پر الزام لگایا، پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات اٹھائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے متعدد شہروں میں ڈرون حملے کیے گئے، بھارتی اقدام نے 2 جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا، کیا کسی ملک کو سوشل میڈیا کی بنیاد پر حملے کی اجازت دی جاسکتی ہے، بھارتی خارجہ نے بریفنگ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، بھارت کا دوسرے ممالک میں قاتل اسکواڈ کا سب کو علم ہے، بھارت دہشت گردی کا شکار ہونے کا ڈرامہ رچا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ دو طرفہ نہیں عالمی معاہدہ ہے، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی مذمت کرتے ہیں، بھارت یکطرفہ سندھ طاس معاہدے کو معطل نہیں کر سکتا، ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کو اس معاملے پر جواب دہ ٹھہرائے، ہم بھارت کے سیکرٹری خارجہ کے بیانات کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

شفقت علی خان نے یہ بھی کہا کہ نیلم جہلم منصوبے کو بھارتی حملے میں نقصان پہنچا، ایک بار پھر پہلگام واقعے پر پاکستان پر الزامات مسترد کرتے ہیں۔

foreign office

اسلام آباد

Pakistan Foreign Office

Shafqat Ali Khan

India Pakistan Tension

Pakistan India diplomatic tension

India Pakistan War

India Pakistan Tensions

Pakistan India Clash 2025

pakistan india war