Aaj News

جمعہ, جون 20, 2025  
23 Dhul-Hijjah 1446  

بھارت نے دوبارہ جنگ مسلط کی تو ہمیں تیار پائے گا، دشمن کو پھر سبق سکھائیں گے، وزیراعظم

شہباز شریف کا نیول ڈاکیارڈ کا دورہ، آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں پاک بحریہ کے کردار کو خراج تحسین
شائع 19 مئ 2025 11:03pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے دوبارہ جنگ مسلط کی تو ہمیں تیار پائے گا، دشمن کو پھر سبق سکھائیں گے، پاک بحریہ نے بندرگاہوں کا بھرپور دفاع کیا، افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، کئی گنا بڑا دشمن جنگ میں مفلوج دکھائی دیا، ہماری افواج نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے وہ قیامت تک یاد رکھے گا، بھارتی فوج بری اور فضائی پٹائی کے بعد ہماری بحریہ سے لڑنے کی ہمت نہ کرسکی۔

کراچی میں نیوی کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح پوری اپنی افواج کے ساتھ کھڑی تھی اور کھڑی ہے، بہادر افواج کے درمیان مربوط تعاون تاریخ کا سنہری باب ہے، جس طریقے سے ہماری بری فوج نے دشمن کے ٹھکانوں پر ٹھیک ٹھیک نشانے لگائے، اسی طرح ہماری فضائیہ نے دشمن کے ٹھکانوں پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اسے وہ سبق سکھایا جو وہ قیامت تک رہے گا، اسی طریقے سے ہماری بحریہ کی تیاری ویسے ہی تھی جیسی بری فوج اور بحریہ کی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بحریہ اس بار بھی تیار تھی کہ دوارکا کی تاریخ کو دوبارہ دہرایا جائے مگر ہماری بحریہ کی تیاری دیکھ کر دشمن کی ہمت نہیں ہوئی اور جس طرح بری فوج اور فضائیہ نے مل کر اس کی پٹائی تو شائد وہ مزید رسوا ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ وہ تاریخ کا ایک قابل فخر واقعہ ہے جس نے پاکستان کو پہلے بھی اور آئندہ کے لیے بھی ناقابل تسخیر بنادیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس موقع پر پی این ایس مہران کے شہید لیفٹیننٹ یاسر کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے جان کی پروا کیے بغیر دشمن کے سامنے سینہ سپر ہوکر اپنی جان کی قربانی دی مگر پاکستان کے وقار اور بحری اثاثوں کے اوپر آنچ نہیں آنے دی، یہ تمام غاذی اور شہدا ہماری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی حالیہ ناکام اور ہزیمت آمیز مہم جوئی میں دنیا نے ایک بار پھر دیکھ لیا کہ ہماری بحریہ مکمل طور پر تیار تھی، بھارت کا فخریہ ایئرکرافٹ کیریئر وکرانت 400 ناٹیکل میل سے قریب آنے کی جرات نہیں کرسکا، یہ بے مثال دفاعی حکمت عملی اور جوانوں کے غیرمتزلزل عزم کی زندہ مثال ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ کامیابی افواج پاکستان کی مربوط حکمت عملی اور بالخصوص سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی بہترین کوآرڈینیشن کی مرہون منت ہے جس نے پوری قوم کے عزم اور حوصلے کو نئی توانائی بخشی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اس امتحان کے دوران ہماری بندرگاہیں مکمل طور پر فعال رہیں، کراچی اور بن قاسم پر تجارتی جہاز بلاتعطل آتے جاتے رہے، جبکہ بھارت کے مغربی ساحل پر تجارتی سرگرمیاں ماند پڑگئیں، پانچ گنا بڑی بھارتی بحریہ اس پوری صورتحال میں مکمل طور پر مفلوج دکھائی دی، رافیل جہازوں کا حشر دیکھ کر ان کا نام نہاد وکرانت میدان جنگ سے یوں بھاگا کہ پلٹنے کا نام تک نہ لیا، یعنی ہماری شارکس نے ہندوستانی وہیل کو مار بھگایا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آج ہمارا دشمن خود اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ پاکستان نیوزی نے خلیج فارس، بحیرہ عرب اور بحیرہ احمر میں طاقت کا توازن بدل کر رکھ دیا ہے، یہ آپ سب کی اور پوری قوم کی فتح ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور اپنے تمام تصفیہ طلب مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں لیکن اگر ہم پر جنگ دوبارہ مسلط کی گئی تو دشمن ہمیں ہمیشہ تیار پائے گا، ہم جارحانہ عزائم نہیں رکھتے لیکن ہم اپنے وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا تحفظ کرنا بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔

وزیراعظم کا نیول ڈاکیارڈ کا دورہ، آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں پاک بحریہ کے کردار کو خراج تحسین

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج نیول ڈاکیارڈ کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں پاک بحریہ کے اہم کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا ڈاکیارڈ آمد پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے استقبال کیا جبکہ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دورے کے دوران وزیراعظم جنگی جہاز پی این ایس تیمور پر سوار ہوئے، جہاں انہیں کمانڈر پاکستان فلیٹ نے پاک بحریہ کی اسٹریٹجک ذمہ داریوں، آپریشنل تیاریوں اور جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی مثالی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور قومی دفاع کے لئے ثابت قدمی کو سراہا اور قوم کے مسلح افواج کی صلاحیتوں پر غیر متزلزل اعتماد کا اعادہ کیا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے پاک بحریہ کے عزم، آپریشنل مہارت اور دشمن کی جاریت کا مقابلہ کرنے کے لیے موثر جوابی کارروائی کی حکمت عملی کی بھی تعریف کی۔

شہباز شریف نے بالخصوص سمندری سرحدوں کے تحفظ اور بحری تجارت کو بلاتعطل یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے اہم کردار کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان نیوی تاریخی آپریشن دوارکا کی طرح بھرپور آپریشنز کو انجام دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، پاک بحریہ ہر وقت دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Pakistani Navy Dockyard