اسرائیل کا ایران کی آئل ریفائنری، دفاعی تنصیبات اور ریسرچ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیل نے ایران کی آئل ریفائنری، دفاعی تنصیبات اور ریسرچ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی حملے کے بعد شہران آئل ڈپو میں آگ لگ گئی، تاہم ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے۔ اسرائیل نے ایرانی شہروں تہران اور بندر عباس پر میزائل حملے کیے جبکہ اصفہان نیوکلیئر سائٹ پر بھی بمباری کی گئی، جس سے چار عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق، تہران میں وسیع پیمانے پر حملے مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں دفاعی ایجادات اور ریسرچ ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ایران پر جوابی حملے کیے گئے، جن میں تہران، بندر عباس، کرج اور اصفہان کو نشانہ بنایا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق، رات گئے تہران میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی آئل ریفائنری، دفاعی تنصیبات اور ریسرچ ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا۔
ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی کہ تہران آئل ریفائنری پر بھی حملہ ہوا۔ آگ لگنے سے تیل کے دو ڈپو متاثر ہو گئے۔ حملوں کے دوران اصفہان کی نیوکلیئر سائٹ پر بھی بمباری کی گئی، جس سے چار عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
ایران کا اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ، رات گئے اسرائیل کے وسطی اور شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ایران پر 2 گھنٹے تک 70 طیاروں نے پروازیں کیں۔ 40 اہداف کو نشانہ بنایا۔ تہران میں وسیع پیمانے پر حملے مکمل کر لیے ہیں۔ اسرائیل کے مطابق ایران کے پاس اب بھی وہ ہتھیار موجود ہیں جو اسرائیل کے لیے شدید نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔ آیت اللہ خامنہ ای ہمارا نشانہ ہیں۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے واضح کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ہدف بنانا خارج ازامکان نہیں، خامنہ ای حملوں کی زد سے باہر نہیں ہیں، ایرانی جوہری پروگرام کی تباہی کے لیے کسی بھی ہدف کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی ملٹری کا 1 گھنٹے میں 10 اسرائیلی جہاز گرانے کا دعویٰ
گزشتہ روز صوبہ آذربائیجان میں ہونے والے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ گزشتہ روز ہونے والے ان حملوں میں تین جوہری سائنسدانوں اور دو ایرانی جنرلز اور تہران میں بیس بچوں سمیت ساٹھ افراد شہید ہوئے۔
دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرے کی گھنٹی بن چکی ہے، جب کہ عالمی قوتیں فوری جنگ بندی اور سفارتی حل پر زور دے رہی ہیں۔
امریکا نے یوکرین سے میزائل، دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کر دیا
دوسری جانب امریکا نے یوکرین سے میزائل اور دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کر دیا، امریکی وزیر دفاع نے تصدیق کر دی، یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین بھیجے جانے والے بیس ہزار میزائل مشرق وسطیٰ بھیج دیے گئے ہیں۔
اسرائیل کی یمن پر بھی بمباری
اسرائیل نے ایران کے بعد یمن پر بھی فضائی حملے شروع کر دیے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فضائیہ نے یمن میں حوثی ملیشیا کے اہم فوجی مراکز کو نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں حوثی ملیشیا کے ملٹری چیف محمد عبدالکریم الغماری شہید ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ الغماری پر حملہ مخصوص انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔
Comments are closed on this story.