Aaj News

جمعرات, جولائ 10, 2025  
14 Muharram 1447  
لائیو

ایران نے یروشلم سمیت اسرائیل بھر میں ٹریک نہ ہونے والے میزائل داغ دئے، اسرائیل کا ایرانی جوہری اور فوجی تنصیبات پر حملہ

تل ابیب سمیت کئی شہروں میں ایمرجنسی سائرن بج اٹھے
اپ ڈیٹ 18 جون 2025 11:50pm

ایران نے اسرائیل کے خلاف ”آپریشن وعدہ صادق سوم“ کی دسویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے رات گئے ایک اور بڑا میزائل حملہ کر دیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس حملے میں مختلف نوعیت کے بیلسٹک میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے جنہوں نے اسرائیلی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے مزید 20 میزائل داغے گئے ہیں، جنہوں نے وسطی اور جنوبی اسرائیل میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد تل ابیب حیفہ سمیت کئی شہروں میں ایمرجنسی سائرن بج اٹھے، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر بنکرز میں جانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقوں کے آسمان ایرانی میزائلوں اورڈرونز کے لیے کھلے ہیں۔میزائل حملے مسلسل ہوں گے۔ صیہونیوں کے لیے جہنم کے دروازے کھول دیے ہیں۔

ایرانی فوج کے مطابق طاقتور اور متحرک ”فتح“ میزائلوں نے اسرائیلی میزائل دفاعی نظام کو چیرتے ہوئے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اور اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی حملوں کے سامنے بے بس ہو چکا ہے۔ اس دوران ایرانی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ دشمن کے 28 طیارے بھی مار گرائے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ایران کی جانب سے بیس میزائل داغے جانے کی تصدیق کی ہے اور شہریوں کو فوری طور پر بنکرز میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایران کی جانب سے شہریوں کو حیفہ اور تل ابیب کے علاقوں کو خالی کرنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

مزید برآں، ایرانی فوج نے اپنے شہریوں کو واٹس ایپ اور انسٹاگرام جیسی سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کا استعمال ترک کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ ایرانی حکام نے کہا ہے کہ ”اصل آپریشن ابھی شروع ہونا باقی ہے“۔

’میزائل نہ رکے تو آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کردیں گے‘، ٹرمپ کی ایران کو بڑی دھمکی

ایرانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ایسے جدید میزائل استعمال کیے گئے جنہیں نہ ٹریک کیا جا سکتا ہے اور نہ روکا جا سکتا ہے۔ ”اِرنا“ نیوز ایجنسی کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں واقع سو سال پرانا وزمن انسٹی ٹیوٹ آف سائنس تباہ ہوگیا۔

ایران نے مقبوضہ بیت المقدس پر بھی بیلسٹک میزائل اور ڈرونز داغ دئے، جبکہ پاسداران انقلاب کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی ٹی وی چینل پر حملہ کرنے والے فوجی اڈے، موساد کے آپریشن پلاننگ سینٹر اور ملٹری انٹیلی جنس کے مرکزی دفاتر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ مزید برآں، حیفہ میں واقع اہم آئل ریفائنری سے پیداوار مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔

خامنہ ای کا بھی صدام حسین جیسا انجام ہوسکتا ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

ایرانی حملوں کا سلسلہ 13 جون سے جاری ہے، اور اب تک ان میں 24 اسرائیلی شہری ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور عالمی برادری کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اسرائیل کا ایران پر بڑا فضائی حملہ، فوجی اور جوہری تنصیبات نشانہ

ایران کے خلاف کشیدگی میں شدت آگئی، اسرائیل نے ایک بار پھر میزائل حملے کر دیے۔ عرب میڈیا کے مطابق صہیونی فوج نے تہران سمیت مختلف شہروں میں ایرانی فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ تہران میں پے درپے دھماکے سنے گئے، جبکہ اصفہان کے کئی علاقوں سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اس کارروائی میں ساٹھ جنگی طیاروں نے حصہ لیا اور ایرانی میزائل لانچنگ سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ ٹائمز آف اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے بعد ایرانی فوج وسطی علاقوں کی طرف پیچھے ہٹ گئی ہے۔

اسرائیلی فضائی کارروائی میں تبریز اور آہواز میں بھی کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب، اسرائیلی حکام نے تہران کے ڈسٹرکٹ 18 کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جس سے ممکنہ طور پر مزید حملوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خطے میں جاری ایران-اسرائیل کشیدگی ایک خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے بھی تشویش کا باعث بنتے جا رہے ہیں۔

Iran Israel War

Iran attack Israel

Iran Israel Tension