حکومت اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے: رانا ثناء اللہ
حکومت نے ایک بار پھر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ حکومت سنجیدہ مذاکرات چاہتی ہے، اب یہ اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ بات چیت کے لیے آتی ہے یا نہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم اپوزیشن کی جانب سے اب تک مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپوزیشن کو تین مرتبہ مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔
رانا ثناءاللہ نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کھلے عام کہہ چکے ہیں کہ وہ مذاکرات نہیں کرنا چاہتے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی تشدد، اسٹریٹ موومنٹ اور ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک اور 9 مئی جیسے واقعے کی تلاش ہے اور وہ ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
ن لیگ رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال کی باتیں کی جا رہی ہیں، تاہم یہ لوگ اپنے مقاصد میں بری طرح ناکام ہوں گے۔
رانا ثناءاللہ نے واضح کیا کہ مذاکرات ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہوتے ہیں اور بات چیت کرنا سیاسی جماعتوں کا آئینی اور جمہوری مینڈیٹ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات اور سیاسی عمل سے ہی ممکن ہے۔













