کراچی میں پولیس سے مقابلے کے دوران 6 افغان ڈاکو ہلاک

فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور چوکی انچارج کے زخمی ہونے کی اطلاعات
شائع 22 جنوری 2026 11:31pm

کراچی کے علاقے پاک کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے کے دوران 6 افغان ڈاکو ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور چوکی انچارج کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان ایس ایس پی کیماڑی ساؤتھ زون کے مطابق پاک کالونی کے علاقے میں پولیس اور افغان ڈکیت گروہ کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم مقابلے کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے ڈاکوؤں کی لاشیں سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں چوکی انچارج اور ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق مقابلے کے بعد پولیس نے علاقے میں اضافی نفری طلب کر لی ہے جب کہ ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے ایک رائفل بھی برآمد کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت اور ان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، ہلاک ڈاکوں گھروں میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھے، ملزمان نے ڈکیتی کے دوران تین بھائیوں کو بھی قتل کردیا تھا۔