کیا نورا فتیحی روزے رکھتی ہیں؟
بولی ووڈ کی لبنانی نژاد کینیڈین رقاصہ اور فنکارہ نورا فتیحی نے مداحوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ جس میں انہوں نے ماہ رمضان کے دوران روزے رکھنے کے حوالے سے باتیں شیئر کیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں رمضان کے روزوں کے دوران اپنی کیفیت کے بارے میں کہا کہ رمضان کے سات دن مکمل ہو چکے ہیں اور مجموعی طور پر ان کا ہفتہ اچھا گزرا، مگر آج وہ تھوڑی کمزوری محسوس کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آج صبح جب وہ جاگی تو شدید تھکن محسوس ہوئی، اسی وجہ سے انہوں نے اپنی تمام ریہرسل اور دیگر کام منسوخ کر دیے اور بس گھر پر آرام کرنے کا فیصلہ کیا۔
نورا نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’آج ہمت تھوڑی جواب دے گئی ہے، میں یہ جاننے کے لیے بہت پُرجوش ہوں کہ آپ لوگ کیسا محسوس کر رہے ہیں، کیا آپ اب بھی پابندی سے روزہ رکھے ہوئے ہیں؟ آپ کی توانائی کیسی ہے اور آپ کیا کر رہے ہیں؟ میں نے ہمت نہیں ہاری اور اچھا محسوس کر رہی ہوں، مگر آج دن تھوڑا مشکل رہا۔‘
















