ٹی 20 ورلڈ کپ: سیمی فائنلز لائن اپ مکمل، مقابلے کب اور کہاں کھیلے جائیں گے؟

ٹی 20 ورلڈ کپ: سیمی فائنلز میں کون سی ٹیم کس سے کب اور کہاں کھیلے گی؟
شائع 02 مارچ 2026 04:43pm

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اختتام کے بعد سیمی فائنلز لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز میں پہنچنے والی ٹیموں میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، بھارت اور انگلینڈ شامل ہیں۔

گزشتہ روز بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ناک آؤٹ میچ میں سنجو سیمسن کی ناقابلِ شکست 97 رنز کی اننگز کی بدولت کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

دفاعی چیمپئن بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے، ہوم گراؤنڈ پر ٹرافی اٹھانے اور ریکارڈ تیسری بار ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے لیے تیار ہے تاہم ناک آؤٹ مرحلے میں سخت مقابلوں کی توقع ہے۔

سیمی فائنلز کا شیڈول اور وینیوز

میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہلا مقابلہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان بدھ (4 مارچ) کو شام 6:30 بجے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا سیمی فائنل جمعرات (5 مارچ) کو شام 6:30 بجے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل تک سفر

نیوزی لینڈ نے گروپ مرحلے میں افغانستان کو 5 وکٹوں، یو اے ای کو 10 وکٹوں اور کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دی جب کہ جنوبی افریقا سے 7 وکٹوں سے ہار کا سامنا کیا۔

اس طرح سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا جب کہ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دی اور انگلینڈ سے 4 وکٹوں سے میچ ہار گیا۔

جنوبی افریقا کا سیمی فائنل تک سفر

جنوبی افریقا نے گروپ مرحلے میں کینیڈا کو 57 رنز، افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں، نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں اور یو اے ای کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔

اسی طرح سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز، ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں اور زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

بھارت کا سیمی فائنل تک سفر

بھارت نے گروپ مرحلے میں امریکا کو 29 رنز، نمیبیا کو 93 رنز، پاکستان کو 61 رنز اور نیدرلینڈز کو 17 رنز سے شکست دی۔

اسی طرح سپر ایٹ مرحلے میں بھارت کو جنوبی افریقا کے خلاف 76 رنز سے شکست ہوئی تاہم اس نے زمبابوے کو 72 رنز اور ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔

انگلینڈ کا سیمی فائنل تک سفر

انگلینڈ نے گروپ مرحلے میں نیپال کو 4 رنز، اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں اور اٹلی کو 24 رنز سے شکست دی جب کہ ویسٹ انڈیز سے 30 رنز سے ہار گیا۔

اسی طرح سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز، پاکستان کو 2 وکٹوں اور نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

یوں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنلز میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں فائنل میں رسائی کے لیے مدمقابل ہوں گی۔