امریکی جریدے نے مودی کی اسرائیل نواز پالیسی کے منفی اثرات کا پوسٹ مارٹم کردیا
امریکی جریدے ڈی سی جرنل نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اسرائیل نواز پالیسی کے منفی اثرات کا پوسٹ مارٹم کر دیا ہے۔
ڈی سی جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ مودی کے دورہ اسرائیل سے خلیجی ممالک میں بھارتی مفادات کو دھچکا پہنچا ہے۔ امریکی جریدے کے مطابق نریندر مودی نے بھارتی تارکین وطن کا مستقبل خطرات سے دوچار کردیا، مودی کا دورہ اسرائیل معمول کی سفارت کاری نہیں بلکہ ایران مخالف واضح سیاسی صف بندی ہے۔
غیرملکی جریدے نے رپورٹ میں کہا ہے کہ مودی کی نیتن یاہو سے کھلی قربت نے بھارت کی متوازن خارجہ پالیسی پر سوال کھڑے کر دیے۔ اسرائیل کی جانب جھکاؤ نے ایران اور خلیجی ممالک کے ساتھ بھارت کا توازن کمزور کر دیا، خلیجی ممالک میں بھارت کو اسرائیل نواز سیکیورٹی کیمپ کا حصہ سمجھا جانے لگا ہے۔
امریکی جریدے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مودی کی اسرائیل پالیسی پر خلیجی عوام کی رائے میں منفی تاثر بڑھ رہا ہے، مودی کی غیر متوازی خارجہ پالیسی سے سب سے بڑا خطرہ خلیجی ممالک میں مقیم لاکھوں بھارتی کارکنوں کو ہے، ممکنہ ردعمل کی صورت میں بھارتی کارکنوں کو ویزا، روزگار اور سماجی دباؤ کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ڈی سی جرنل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کشیدگی بڑھی تو بھارتی تارکین وطن کی ترسیلات زر بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مودی کی پالیسی سے ایران کے ساتھ بھارت کے اسٹریٹجک مفادات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، امریکی دباؤ میں چابہار بندرگاہ منصوبہ بھی خطرے میں پڑ گیا۔













