مسجد نبوی اور مسجد الحرام سمیت سعودی عرب کی دیگر مساجد میں اعتکاف
مسجد الحرام اور مسجد نبوی سمیت سعودی عرب کی اہم مساجد میں کل رات اعتکاف کا آغاز ہوچکا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد نبوی میں تقریباً 3,200 مرد و خواتین معتکف ہیں، جن میں 2,400 مرد اور 800 خواتین شامل ہیں۔
مسجد الحرام میں بھی تقریباً تین ہزار افراد اعتکاف کررہے ہیں۔ اعتکاف کے لیے تمام افراد نے متعلقہ ادارے کے پورٹل کے ذریعے خود کو رجسٹر کیا تھا۔
مسجد نبوی میں مردوں کے لیے اعتکاف کی جگہ مشرقی سمت کی چھت پر مختص کی گئی ہے، جبکہ خواتین کے لیے مشرقی سمت کی نئی توسیع میں انتظام کیا گیا ہے۔ اعتکاف کے لیے چار مرکزی ہالوں میں 48 مختلف اقسام کی جگہیں مخصوص کی گئی ہیں۔

متعکفین کی سہولت کے لیے مختلف انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں ذاتی سامان رکھنے کے لیے لاکرز، موبائل چارجنگ یونٹس، لانڈری کی سہولت اور فرسٹ ایڈ کی مکمل تیاری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہر معتکف کو ایک کٹ فراہم کی گئی ہے، جس میں ذاتی دیکھ بھال کی اشیا اور دیگر ضروری سامان موجود ہے۔
بہترین ماحول مہیا کرنے کے لیے اعتکاف کے مقامات پر مستقل بنیادوں پر بخور جلایا جاتا ہے، اور افطار و سحری کا انتظام بھی مسجد کی انتظامیہ کی جانب سے کیا جاتا ہے۔
















