شوہر کی لائیو شو میں نازیبا حرکت، تنقید کے بعد فضا علی نے خاموشی توڑ دی
پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی نے اپنے مارننگ شو میں شوہر کے ساتھ وائرل ہونے والے ایک متنازع لمحے پر تنقید کے بعد بالآخر خاموشی توڑ دی ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں وضاحت دی کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ویڈیو ایک مختصر اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی جھلک ہے، جبکہ حقیقت میں یہ ایک بے ساختہ اور ہلکا پھلکا لمحہ تھا جسے منفی انداز میں نہیں لیا جانا چاہیے۔


فضا علی کے مطابق وہ ہمیشہ اپنے کام اور ناظرین کا احترام کرتی آئی ہیں اور آئندہ بھی اسی ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتی رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات وضاحت دینے کے باوجود بات کو غلط رنگ دیا جاتا ہے، اسی لیے وہ اکثر خاموشی کو بہتر حکمت عملی سمجھتی ہیں۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہواجب مارننگ شو میں فضا علی نے اپنے شوہر اعجاز خان کو بطور مہمان مدعو کیا، جہاں دونوں نے اپنی ملاقات اور شادی سے متعلق گفتگو بھی کی۔ پروگرام میں فضا علی کی بیٹی بھی موجود تھی۔
شو کے دوران اس وقت ایک دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب فضا علی کی بیٹی فرال نے اعجاز خان سے ایک معصومانہ مگر حیران کن فرمائش کر ڈالی۔
فرال نے اعجاز خان سے کہا: ”آپ ماما کو لائیو شو میں اسی طرح اٹھا کر دکھائیں جیسے آپ گھر پر اٹھاتے ہیں۔“
اعجاز خان نے بیٹی کی فرمائش کو ٹالنے کے بجائے مسکراتے ہوئے فضا علی کو اٹھا لیا۔
لائیو ٹی وی پر یہ منظر دیکھ کر نہ صرف سیٹ پر موجود لوگ دنگ رہ گئے بلکہ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
اس واقعے کے وائرل ہوتے ہی انٹرنیٹ صارفین دو دھڑوں میں بٹ گئے ہیں۔ جہاں بعض صارفین نے اسے غیر مناسب قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے ایک نجی اور خوشگوار لمحہ قرار دیا۔
کئی صارفین نے اس عمل کو ’نامناسب‘ اور ’غیر اخلاقی‘ قرار دیتے ہوئے پیمرا سے سوال کیا ہے کہ ایسے مناظر کی نشریات پر پابندی کیوں نہیں؟ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سب سستی شہرت اور ریٹنگ حاصل کرنے کا طریقہ ہے۔
دوسری جانب بعض مداحوں کا کہنا ہے کہ ایک میاں بیوی کا آپس میں محبت کا اظہار ہے اور اسے منفی رنگ نہیں دینا چاہیے۔
فضا علی نے حال ہی میں 41 سال کی عمر میں اعجاز خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا اعلان کیا تھا۔
اپنے مارننگ شو کی ایک خصوصی نشست میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی ملاقات برطانیہ میں ہوئی جہاں اعجاز مقیم ہیں۔
بات چیت کا یہ سلسلہ جلد ہی محبت میں بدل گیا اور اعجاز خان نے فضا کو شادی کی پیشکش کر دی، جس کے بعد عید کے پرمسرت موقع پر دونوں رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
اعجاز خان کا کہنا ہے کہ وہ فضا علی جیسی جیون ساتھی ملنے پر بے حد خوش ہیں اور ان کے ’عشق‘ میں مبتلا ہیں۔
فضا علی بھی ان دنوں سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے ساتھ اپنی خوشیوں بھری زندگی کی جھلکیاں شیئر کرتی رہتی ہیں۔
















