ایران نے معاہدہ نہ کیا تو حملوں کے لیے تیار رہے: امریکی وزیرِ جنگ

امریکی فوج کے سربراہ جنرل ڈین کین نے کہا ہے کہ ایران کے سمندری علاقوں میں فوجی قوانین کا نفاذ کیا جائے گا۔
اپ ڈیٹ 16 اپريل 2026 06:10pm

امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے امن معاہدہ قبول نہ کیا تو امریکا اس پر دوبارہ حملے شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ امریکی فوجی سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کی سمندری حدود اور بین الاقوامی پانیوں دونوں میں ناکہ بندی کو نافذ کیا جائے گا۔

پینٹاگون میں جمعرات کو نیوز بریفنگ کے دوران پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ یہ ایران کے پاس خوش حال مستقبل کا انتخاب کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران یہ سنہری راستہ اختیار کر سکتا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے عوام کے لیے یہی راستہ چنے گا۔

امریکی وزیرِ جنگ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے لیے امریکا صرف اپنی 10 فیصد فوج استعمال کر رہا ہے اور وہ جتنا عرصہ چاہے اس ناکہ بندی کو برقرار رکھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے حوالے سے تعاون نہ کیا تو امریکا اس کے ایٹمی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔

پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایرانی فوج کی ہر سرگرمی پر ہماری نظر ہے اور ایران کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ اسکا امریکا کی عسکری صلاحیتوں کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں ہے۔

امریکی وزیرِ جنگ نے کہا کہ امریکا خطے میں اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے اور ہر قسم کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ نے نیوز کانفرنس کے دوران امریکی میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور امریکی کامیابیوں کو کوریج نہ دینے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران میں اپنے پائلٹس کو بچانے کے لیے دو ناممکن ریسکیو آپریشنز کیے لیکن امریکی میڈیا کو ہماری کامیابیاں نظرنہیں آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو امریکی کامیابیوں پرآنکھیں کھولنا ہوں گی۔

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’وہ اب بھی زندہ ہیں مگر اس وقت زخمی حالت میں ہیں‘۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے بریفنگ میں کہا کہ امریکی ناکہ بندی کو ایران کی سمندری حدود اور بین الاقوامی پانیوں دونوں میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کسی بھی ایرانی پرچم بردار جہاز یا ایران کو کسی بھی قسم کی معاونت فراہم کرنے والے جہاز کا تعاقب کرے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو روکا جائے گا اور وارننگ دی جائے گی، اس کے باوجود امریکی احکامات پر عمل نہ کرنے والے جہازوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔