فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ ایران کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی ہے، جسے خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس ملاقات کو ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے پر پیش رفت اور باہمی رضا مندی کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعرات کو تہران میں مصروف ترین دن گزارا، جہاں انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد قالیباف سے بھی ملاقات کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں جنگ بندی، جاری کشیدگی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دورۂ ایران کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈر خاتم الانبیا کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بدھ کے روز انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر عباس عراقچی نے مذاکراتی عمل کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس اہم دورے میں فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں، جہاں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
















