ایران کے ساتھ ڈیل کیے بغیر بھی افزودہ یورینیم حاصل کرسکتے ہیں: صدر ٹرمپ

ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھول دیا جائے گا: ٹرمپ
اپ ڈیٹ 05 جون 2026 09:24am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں بھی افزودہ یورینیم حاصل کیا جا سکتا ہے، تاہم اگر دونوں ممالک کے درمیان کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات بھی ممکن ہو سکتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایرانی قیادت، بحریہ اور فضائیہ کو ختم کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کی جانب سے دوبارہ کسی قسم کا حملہ کیا گیا تو یہ جنگ کے دوبارہ آغاز کا جواز بن سکتا ہے۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کا مؤقف اس معاملے پر بالکل واضح ہے اور خطے میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنا ضروری ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھول دیا جائے گا، جس سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ ایران مان گیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں رکھے گا جب کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای بھی امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں شامل ہیں اور مستقبل میں ان کی مجتبیٰ خامنہ ای سے کسی موقع پر ملاقات ہوسکتی ہے۔ جبکہ ایران متعدد بار کہہ چکا ہے کہ امریکا کے ساتھ افزودہ یورینیم کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اُدھر مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ لبنان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنا ہوگی کیونکہ خطے میں استحکام برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اگر زیلینسکی اور پیوٹن کے درمیان ملاقات ہوتی ہے تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی اور جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔