ایران امریکا مذاکرات پر ہم آہنگی کا مشن: فیلڈ مارشل اور وزیرِاعظم کے دورے مکمل

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی،آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 18 اپريل 2026 01:19pm

ایران امریکا مذاکرات پر ہم آہنگی کا مشن: فیلڈ مارشل اور وزیرِاعظم کے دورے مکمل ہوگئے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے اپنے دوروں میں علاقائی امن، سفارتی ہم آہنگی اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی اعلیٰ قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں نیشنل اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہ شامل تھے۔

مذاکرات میں خطے میں پائیدار امن کے قیام، سیکیورٹی صورتحال اور بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے مسائل کے حل کے لیے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

بیان کے مطابق دونوں ممالک نے مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دیرپا امن کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے خیرسگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ پر مشتمل اپنا سفارتی دورہ مکمل کر لیا ہے۔

دورے کے دوران وزیرِاعظم نے سعودی عرب اور قطر میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جہاں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر گفتگو ہوئی۔ بعد ازاں وہ ترکیہ پہنچے جہاں انہوں نے انطالیہ سفارتی فورم میں شرکت کی اور ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی۔

ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال، تعاون کے فروغ اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِاعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں بھی امن مذاکرات کی میزبانی کی ہے، جس کا مقصد مختلف فریقین کے درمیان بات چیت کے ذریعے تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنا ہے۔