ایرانی بحریہ دشمنوں کو نئی اور تلخ شکست دینے کے لیے مکمل تیار ہے: مجتبیٰ خامنہ ای

امریکی منصوبوں کے خلاف ہماری فورسز ڈٹ کر رہیں، ایران کو توڑنے والوں کی خواہش کو ناکام کردیا: ایرانی سپریم لیڈر
شائع 18 اپريل 2026 05:26pm

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئی اور تلخ شکست دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، ایرانی مسلح افواج، بالخصوص بحریہ، خطے میں کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ملک کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی پریس ٹی وی کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے یومِ فوج کے موقع پر اپنے پیغام میں ایرانی فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی فوج نے حالیہ مسلط کردہ جنگ میں بھی ماضی کی طرح بہادری سے وطن کا دفاع کیا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے مقابلے میں جرات و استقامت کے ساتھ اپنی سرزمین، سمندر اور قومی پرچم کا دفاع کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت اور مضبوط صف بندی کے ساتھ ایرانی فوج نے دیگر مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا اور دنیا پر ان کی کمزوری و ذلت واضح کر دی۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایرانی فوج کے ڈرونز امریکی اور صہیونی مجرموں پر بجلی بن کر گرتے ہیں جب کہ بحریہ دشمنوں کو نئی شکستوں کا مزہ چکھانے کے لیے ہر وقت تیار ہے، امریکی منصوبوں کے خلاف ہماری فورسز ڈٹ کر رہیں، ایران کو توڑنے والوں کی خواہش کو ناکام کردیا۔

انہوں نے یومِ فوج کے موقع پر تمام فوجی اہلکاروں، ان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔ ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ پاسداران انقلاب کی کامیابی ایرانی فوج کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی، جس کے بعد فوج نے شاہی نظام کے اثر سے نکل کر عوام کے درمیان اپنی اصل جگہ حاصل کی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ 40 روزہ جنگ میں ایرانی فوج نے بھرپور دفاع کیا اور خطے میں دشمن تنصیبات پر متعدد کامیاب جوابی کارروائیاں کیں جب کہ فوج اور پاسدارانِ انقلاب کے درمیان مکمل ہم آہنگی نے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔

دوسری جانب ایرانی نیشنل سیکیورٹی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے آپ کو خبردار کیا تھا مگر آپ نے توجہ نہیں دی، اب آبنائے ہرمز کی پرانی حالت میں واپسی کا مزہ چکھیں۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر خلیجی پانیوں اور اہم بحری راستوں کے حوالے سے سکیورٹی خدشات بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایرانی پورٹ کی ناکہ بندی غیرقانونی ہے اور ایران کا دفاع پورے خطے کے لیے ہے۔

سعید خطیب زادہ کا کہنا تھا امریکی صدر ٹرمپ نے کہا بدھ تک معاہدہ نہیں ہوا تو فوجی کارروائی کی طرف جائیں گے، ٹرمپ نے ایک ہی بیان میں دو متضاد باتیں کیں، ٹرمپ کی اس بات کا کیا مطلب ہے کہ امریکی عوام فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دفاع کو جاری رکھنا چاہیے، ہم اپنی جنگ اس وقت تک جاری رکھیں گےجب تک آخری ایرانی فوجی زندہ ہے، جنگ کے مثبت نتائج نہیں ہو سکتے، امریکیوں کویہ بات سمجھ لینی چاہیے۔